پنجاب اسمبلی کی کفایت شعاری مہم، کتنے کروڑ بچائے گئے؟ اعدادو شمار آگئے

لاہور(کھوج نیوز) پنجاب اسمبلی کی کفایت شعاری مہم کے تحت صرف 2ماہ کے دوران کتنے کروڑ بچائے گئے؟ اس حوالے سے تمام اعدادو شمار سامنے آنے کے بعد سب دنگ رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے بتایا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے 2 ماہ میں 77 کروڑ روپے کی خطیر رقم بچائی گئی جسے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سرکاری پروٹوکول کے بجائے ذاتی گاڑیوں کوترجیح دے رہے ہیں، اسپیکر ملک احمد پہلے ہی اپنی تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں سے بھی کفایت شعاری مہم کے تحت کٹوتی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری تقریبات اور انٹرٹینمنٹ اخراجات میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے، اس کے علاوہ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے جارہے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ کفایت شعاری مہم سے پنجاب اسمبلی میں بجلی کے استعمال میں بھی نمایاں کمی آئی ہے اور 2 ماہ میں ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد بجلی یونٹس کی بچت کی گئی جب کہ غیرضروری خریداری پر مکمل پابندی ہے، کسی قسم کی نئی پروکیورمنٹ نہیں کی گئی، اس کے علاوہ غیر ملکی سرکاری دوروں پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔



