بھارت میں ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے جب کہ بھارت میں ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دنیا میں سفارتی اور عسکری سطح پر پاکستان کا ایک مقام ہے، دنیا میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں، مشرقی سرحد کے اس پار، تنہائی، ناکامی اور رسوائی ہے اس کے سوا کچھ نہیں، پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے اور مشرقی سرحد کے دوسری طرف تاریکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مشرقی سائیڈ سے کبھی مذمت تک نہیں کی گئی، پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث کلبھوشن کو رنگے ہاتھوں پکڑا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا بھر میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا، معرکہ حق سفارتی سطح پر بھی لڑا گیا اور پاکستان کامیابی سے ہمکنار ہوا۔



