جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (کھوج نیوز) جماعت اسلامی نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق تیل کی قیمت 271 بنتی ہے مگر 117 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز لگاکر عوام کو 415 روپے فی لیٹر پیٹرول مل رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کریں گے جبکہ ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی موجود ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں قیمتیں نہیں بڑھیں، جنگ کے اثرات کیا صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی اور گیس پر فکس چارجز لگائے گئے ہیں، تین سال میں بجلی کے ٹیکسز کی مد میں 19کھرب روپے وصول کے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 100میں سے 15آئی پی پیز سے حکومت نے ڈیل کیا، باقی آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، یہ اپنی کرپشن کیلئے آئی پی پیز کے معاہدوں میں توسیع کریں گے۔



