پراکسیز اور منفی پروپیگنڈا کرنیوالوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائیگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

کوئٹہ (کھوج نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیزاور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا ، کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج،کوئٹہ میں زیرِتربیت افسران اورفیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، استعداد اورپیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز سمیت تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان کی ترقی اورعروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پراکسیزاور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژکرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی ، پائیدار ترقی، عوام دوست حکمتِ عملی اوربہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اورپیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں، افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کیلئے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، اس دوارن فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کیلئے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔



