صدر زرداری اور بلاول بھٹو نے بڑی سکیموں کی ہدایت کی ہے: مراد علی شاہ

کراچی (کھوج نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چھوٹی سکیموں کی بجائے بڑی سکیموں کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا خرچہ تنخواہوں اور پنشن کا ہے، تنخواہوں اور پنشن میں7 فیصد اضافہ کیا ہے، 2025 اور 23 کا ایڈہاک الاؤنس بنیادی تنخواہ میں ضم کردیا ہے جب کہ آئندہ مالی سال میں کم سے کم آمدن 43 ہزار روپے ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی تینوں صوبے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہماری قیادت کے کردار کی وجہ سے اگلے دو سالوں میں بہت فائدہ ہوگا، پیپلزپارٹی قیادت نے اب بڑی اسکیمیں لانے کی ہدایت کی ہے، صدر زرداری اور چیئرمین بلاول نے کہا کہ اب چھوٹی چھوٹی اسکیموں سے نکل کر بڑا سوچو، مجھے بہت امید ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت کی منصوبہ بندی کی وجہ سے حالات بدل جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 26.2ارب روپے ایس آئی یو ٹی کو گرانٹ دی جائے گی اور 155ارب روپے کی گرانٹ لوکل گورنمنٹ کو جاتی ہے، اگلے سال 2056جاری اسکیمیں مکمل کرنے جا رہے ہیں تاہم اس سال بجٹ میں کوئی نئی اسکیم نہیں ہے۔



