4 سالہ حج پالیسی پیش، پیکیج کتنے لاکھ کا ہوگا؟ تفصیل آگئی

اسلام آبا د (کھوج نیوز) حکومت کی جانب سے 4سال کی حج پالیسی پیش کر دی گئی ہے اور اس پالیسی کے مطابق حج پیکیج کتنے لاکھ کا ہو گا؟ اس حوالے سے تمام تفصیل سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردار یوسف نے حج پالیسی پر بریفنگ میں بتایا کہ آج اللہ کے فضل سے پہلی4 سال کی حج پالیسی پیش کی جارہی ہے، یہ حج انتظامات میں بنیادی اور دیرپا انتظامات کا آغاز ہے، یہ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی رہنمائی کا واضح مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ٹیکنالوجی اور شفافیت کے ساتھ جامع اور قابل عمل پالیسی کی صورت میں حج پالیسی پیش کی جارہی ہے،4 سال کی پالیسی سے حج انتظامات عالمی معیار کے مطابق ہونگے ، پہلی بار رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حجاج محافظ اسکیم برقرار رکھی جائے گی، نئی حج پالیسی سعودی ویژن 2030 کے تحت ترتیب دی گئی ہے، حج پالیسی 2027 سے 2030 سے حج انتظامات میں نئے باب کا آغاز ہے، ہمارا مقصد فقط انتظامات نہیں بلکہ باوقار سفرفراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، حج پیکج اندازا 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان ہوگا، اس کوٹہ میں اضافہ یا کمی وفاقی کابینہ ہی کرسکتی ہے ، حج انتظامات پر ایوارڈ ملے ،مگر کوٹہ کا فیصلہ اب وفاقی کابینہ نے کیا ہے۔
سردار یوسف نے مزید بتایا کہ نجی حج کمپنیوں کی نگرانی اور رجسٹریشن فقط کوٹہ نہیں،کارکردگی کی بنیاد پرہوگی، عازمین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ڈیجیٹل نظام اور اپیل کا نظام لا رہے ہیں، عازمین حج کی تربیت کو مزید مؤثربنایا جائیگا۔ وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ سرکاری اور نجی اسکیم کا کوٹہ60 اور 40 فیصد برقرار رہے گا، نگرانی اور ریگولیشن کے فرائض وزارت مذہبی امور انجام دے گی، 10 فیصد ادائیگی پر حج درخواستوں کے ساتھ عازمین فہرست میں شامل ہوسکیں گے، تمام خریداری پاکستان اور سعودی عرب میں شفاف طریقے سے کی جائیگی، واجبات کے بعد جو رقم بچے گی وہ عازمین کو واپس کی جائیگی۔



