نظام ناکام نہیں ناکام کروایا گیا: بلاول بھٹو کا دعویٰ

باغ (کھوج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ نظام ناکام نہیں بلکہ اس کو ناکام کروایا گیا ہے جب تک عوام کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے تب تک سسٹم نہیں چل پائیگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانا اگر عوام کا فیصلہ ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی اور اگر نئے صوبے بنانا عوام کا فیصلہ نہیں تو پیپلزپارٹی ساتھ نہیں دے گی۔ بلاول بھٹو بولے اسلام آباد میں حکومت خطرے میں ہے، الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، الٹی گنتی پیپلزپارٹی نے نہیں ، ان کے اپنے لوگوں نے شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی لڑائی پیپلزپارٹی سے نہیں، اصل لڑائی کچھ اور ہے، وزیراعظم کے ارد گرد لوگوں کی نیت صاف نہیں ہے، ن لیگ کا ایک خاص حصہ وزیراعظم کو اپوزیشن سے ہی نہیں اتحادیوں سے لڑانا چاہتا ہے، اصل لڑائی تو اسلام آباد اور لاہور کی ہورہی ہے یہ ان کے خاندان کا اپنا مسئلہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں اتنا مشکل وقت نہیں آیا جتنا آج ہے، کبھی نہیں دیکھا کہ پچاس، پچاس دن انٹرنیٹ اور سڑکیں بند ہوں، مشکل وقت ان کے لیے ہے جو کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور معمولات زندگی کی بحالی چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار اور ہمارے آزاد کشمیر کے صدر پر حملے، یہ کوئی اتحادی نہیں کرتا، دھاندلی زدہ اور خونی الیکشن ہمیں قبول نہیں۔ بلاول بھٹو بولے ن لیگ کی غلط فہمی ہے کہ مظفر آباد میں حکومت بنالیں گے، یہ نہ سچ کمیشن بنانے کو تیار ہیں نہ شفاف الیکشن کرانے کو تیارہیں، سسٹم اگر ناکام ہوچکا تو اس کی بڑی مثال آزاد کشمیر ہے۔



