سردار یوسف نے عازمین حج کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (کھوج نیوز) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے عازمین حج کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے یہ خوشخبری کونسی ہے؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ حج کو مکمل ڈیجیٹائز کردیا ہے کیونکہ عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں سے بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 4لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے درخواستیں جمع کروا سکیں گے، عازمین کے پاس ادائیگی کے لیے3آپشن موجود ہیں، حج اخراجات کریڈٹ کارڈ یا پی ایس آئی ڈی سے جمع کرا سکیں گے، چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم بھی جمع کروائی جاسکے گی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ نجی عازمین بھی پاک حج ایپ کی ذریعے پرائیویٹ آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے، عازمین پرائیویٹ آپریٹر کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 526 ہے، پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع کی جائے گی، حج اخراجات دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی، پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جائیں گی، کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔



