میر رضا قتل کیس تحقیقات، والد کا اظہار اطمینان

کراچی (کھوج نیوز) تاجر میر رضا کے قتل کی تحقیقات پر والد نے پہلی بار اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ 13دن بعد پہلی بار محسوس ہو رہا ہے کہ تحقیقات درست سمت میں ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجر میر رضا کے کیس میں نئی تفتیشی ٹیم کے رکن، والدین اور وکیل جبران ناصر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میر رضا کے والد میر حسین نے کہا کہ 13دن بعد پہلی بار محسوس ہو رہا ہے کہ تحقیقات درست سمت میں ہیں، اگر ابتدا میں مؤثر تحقیقات ہوتیں تو کیس آج مختلف مرحلے میں ہوتا، ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ میر رضا کے ساتھ اصل میں کیا ہوا۔ میر حسین نے مزید کہا کہ سابق تفتیشی ٹیم نے خاندان کے ساتھ تحقیقات شیئر نہیں کیں، امید ہے نئی تفتیشی ٹیم کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی تفتیشی ٹیم ہماری تمام باتیں سن رہی ہے، اس پر اعتماد ہے، انصاف کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے، حقیقت جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، میر رضا کا کچن واقعہ کے مقام سے تقریبا آدھا کلومیٹر دور تھا، 3 مشکوک افراد سے متعلق معلومات پولیس کو پہلے ہی فراہم کرچکے ہیں۔



