پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا بھی پیپلزپارٹی کی مہربانی ہے: شرجیل میمن کا دعویٰ

کراچی (کھوج نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا بھی صرف اور صرف پیپلز پارٹی کی مہر بانی ہے، ہماری جماعت کی ملکی خدمت کی مثال نہیں ملتی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہی عوامی مینڈیٹ سے حکومت میں آتی ہے، پیپلزپارٹی ہی حکومت میں آکر عوامی خدمت کے کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ ڈبل ڈیکربسوں کی بڑی تعداد کراچی پہنچ جائے گی جب کہ ای وی ٹیکسی بھی آجائیں گی، 500 ای وی بسوں کی منظوری ہو چکی ہے، پنک اسکوٹیز بھی بہت جلد شہریوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کوئلے سے سستی بجلی بن سکتی ہے، تھرپارکر میں ذخائر موجود ہیں، تھرپارکر کے کوئلے سے پورے پاکستان کے بجلی پلانٹ چل سکتے ہیں، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے ملک کی جو خدمت کی اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا بھی پیپلزپارٹی کی مہربانی ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ پر کوریڈورکا 80 سے 85 فیصد کام ہو گیا ہے، یونیورسٹی روڈ پر اس وقت ٹریفک کی روانی میں مسئلہ نہیں، یونیورسٹی روڈ 15 ستمبر تک 100 فیصد مکمل ہو جائے گی۔



