عمران خان کی صحت کا معاملہ، حکومت نے عدالتی فیصلے کیساتھ کھلواڑ کیا: شفیع جان

پشاور (کھوج نیوز) وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت کے معاملے پر حکومت نے عدالتی فیصلے کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شفیع جان نے کہا کہ عدالتی حکم عمران خان کو شفا اسپتال لے جانے کا تھا، شفا اسپتال کے باہر پی ٹی آئی کا کوئی کارکن موجود نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا وہ کسی رابطے کا نتیجہ نہیں تھا، حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم نامے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا اور عدالتی فیصلے کے ساتھ ساتھ عمران خان کی صحت کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا، اب توہین عدالت کی کارروائی کی طرف جائیں گے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ اب ہم سڑکوں کی طرف ہی جائیں گے، پی ٹی آئی میں ایک دھڑا جو مذاکرات کا حامی تھا اب اس نے بھی ہاتھ کھڑے کردیے ہیں وہ بھی اب سڑکوں پر نکلنے کے حامی نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی ٹیسٹ نہیں کرایا گیا صرف بی پی چیک کیا گیا اور آنکھ میں ایک انجکیشن لگایا گیا، اب حکومت سپریم کورٹ کے پاس کس چیز کی رپورٹ لے کر جائے گی، حکومت جو بھی رپورٹ لائے گی وہ ہمیں قابل قبول نہیں ہو گی۔



