میٹا نے انسٹا گرام اور فیس بک کیلئے نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کر دیا

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) میٹا کی جانب سے انسٹا گرام اور فیس بک کے لیے ایک نئے فیچر سیریز کی آزمائش کی جا رہی ہے اور بہت جلد یہ نیا فیچر متعارف کروا دیا جائے گا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ نیا فیچر فیس بک اور انسٹا گرام میں ریلز ویڈیوز کے مواد کو کسی ٹی وی سیریل کی طرح مرتب کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ کمپنی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ اس فیچر کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔ اس فیچر سے صارفین اپنی پروفائل میں ایک مختص ہب میں اپنی ہر ریل کو کسی بڑی کہانی کی ایک قسط میں تبدیل کرسکیں گے۔
اس طرح کا فیچر ٹک ٹاک میں پہلے سے دستیاب ہے۔ اس فیچر سے عندیہ ملتا ہے کہ میٹا کی جانب سے صارفین کے اندر بے مقصد اسکرولنگ کی بجائے زیادہ وقت تک ویڈیوز دیکھنے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ سیریز فیچر کے ذریعے صارفین اپنی ریلز کو کسی ڈرامہ سیریز کی طرح اقساط میں جاری کرکے دیگر افراد کو زیادہ انگیج کر سکیں گے۔ میٹا کے مطابق مستقبل میں اس نئے فیچر سے صارفین کو کمانے کا موقع بھی فراہم کیا جاسکتا ہے مگر اس حوالے سے فی الحال تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔



