کیا ہالی وڈ اداکارہ سیلینا گومزدماغی بیماری میں مبتلا ہیں ؟اداکارہ کا حیران کن انکشاف
سیلینا نے اپنی ذہنی جدوجہد کی کہانی کو مزید قریب سے دکھانے کے لیے ایک ڈاکیومنٹری بھی بنائی

نیو یارک (شوبز ڈیسک ) معروف گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز نے حالیہ انٹرویو میں دماغی صحت کے بارے میں بات کرنا کیوں مشکل ہوتا ہے، اس پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔ایک انٹرویو میں سیلینا نے کہا کہ چاہے آپ مشہور ہوں یا عام انسان، ان باتوں پر آواز اٹھانا ضروری ہے جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں۔
سیلینا، جو 1 مئی کو ہونے والے بل بورڈ لیٹن ویمن ان میوزک 2025 ایوارڈز میں وومن آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کریں گی، نے اعتراف کیا ہے کہ دماغی صحت پر بات کرنا دل کے کمزور لوگوں کے بس کی بات نہیں، کیونکہ آپ خود کو سب کے سامنے ظاہر کر رہے ہوتے ہیں اور یقین مانیں، آپ پر تنقید بھی خوب ہوتی ہے صرف اس لیے کہ آپ نے کچھ بولنے کی ہمت کی۔
سیلینا نے بتایا کہ 2020 میں انہیں بائی پولر ڈس آرڈر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ وقت ان کی زندگی بدل دینے والا تھا۔ اسی مقصد کے لیے انہوں نے Rare Impact Fund Benefit کے نام سے ایک ایونٹ بھی منعقد کیا، جس کا مقصد دماغی صحت کے اداروں کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا تھا۔
سیلینا نے اپنی ذہنی جدوجہد کی کہانی کو مزید قریب سے دکھانے کے لیے ایک ڈاکیومنٹری بھی بنائی، جس کا نام تھا Selena Gomez: My Mind & Me۔ان کا کہنا تھا کہ دماغی صحت پر بات کرنا آسان نہیں لیکن ضروری ہے، تاکہ ہم خاموشی کو توڑ سکیں اور دوسروں کو احساس دلا سکیں کہ وہ اکیلے نہیں۔