6 ہزار روپے کی خاطر شہری قتل
صرف 6 ہزار روپے کی خاطر شہری کو قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا

لاہور(کھوج نیوز ) لاہور بابادامی باغ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صرف 6 ہزار روپے کی خاطر شہری کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے نشہ کی معمولی رقم پر شہری کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا تھا۔چاقو سے سیدھا دل پر وار کیا گیا تھا، جس پر اسپتال منتقل کرنے کے دوران شہری ابراہیم جانبر نہیں ہو سکا۔
بعد ازاں ڈی ایس پی شفیق آباد کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری ٹیم تشکیل دی گئی، تاہم اس دوران ملزمان شہری کو قتل کر کے موقع سے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورس سے مدد حاصل کی گئی۔
ملزمان قتل کرنے کے بعد پہلے قبرستان میں چھپے، رات فٹ پاتھ پر گزاری جب کہ پولیس ان کا پیچھا کرتی رہی۔ بعد ازاں ملزمان پولیس کو چکما دینے کے لیے اپنی لوکیشن بدلتے رہے۔ ملزم کا ساتھی اور مرکزی ملزم امیر عرف میرو اپنی فیملی کے ہمراہ پشاور فرار ہو گئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جتنا بھی شاطر ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا، یہی وجہ ہے کہ لاہور واپسی پر پولیس نے دونوں ملزمان کو دھر لیا، جن میں امیر اللہ عرف میرو اور غلام خان شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔