بھارتی عسکری قیادت کی ایک بار پھر پاکستان کیخلاف گیڈر بھپکیاں

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی عسکری قیادت کی ابک پار پھر پاکستان کیخلاف گیڈر بھپکیاں، بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی اور بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے جھوٹ کے انبار لگا دیئے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بھارت کے آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی نے ہرزہ سرائی کی کہ اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود رہنا چاہتا ہے تو دہشتگردی کے حمایت روک دے۔ بھارتی آرمی چیف نے راجستھان میں فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ آپریشن سندور میں فوج نے جس ضبط کا مظاہرہ کیا وہ آئندہ نہیں کیا جائے گا۔ جنرل اوپندر دویدی نے بھارتی فوجیوں کو کسی بھی ایکشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
دوسری جانب بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ مئی میں ہونے والے پاک بھارت تنازع میں بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کیے۔ امر پریت سنگھ نے کہا کہ بھارت نے جن طیاروں کو تباہ کیا ان میں ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل ہیں۔