35 ویں نیشنل گیمز’ بلاول بھٹو کا افتتاحی تقریب سے خطاب

کراچی (سپورٹس ڈیسک) شہر قائد کراچی میں ہونے والی 35ویں نیشنل گیمز پروقار تقریب کے ساتھ شروع ہو گئی ہے جس کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری نے کیا اور افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق 35 ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے آئے ہزاروں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سربراہ عارف سعید نے کہا کہ نیشنل گیمز میں شرکت کرنا ہر ایتھلیٹ کیلئے فخر کی بات ہوتی ہے، انہوں نے سندھ کے جانب سے اقدامات کی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی میں ہونیوالے نیشنل گیمز کو مثالی اور یادگار ایونٹ بنائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل گیمز میں آج حصہ لینے والے ایتھلیٹس کل پاکستان کیلئے اسٹار میڈل ونرز بنیں گے ۔ مہمانان کے خطاب کے بعد کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا، سب سے پہلے دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور سب سے آخر میں میزبان سندھ کے ایتھلیٹس سلامی کے چبوتر کے سامنے سے گزرے۔
ان کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل گیمز میں نمایاں پرفارمنس کیلئے پرعزم ہیں۔ نیشنل گیمز کے باضابطہ آغاز کے اعلان سے قبل اولمپیئن قمر ابراہیم گیمز کی ٹارچ لے کر اسٹیڈیم پہنچے جو سمیر حسین، نسیم حمید، سعدی عباس اور اصلاح الدین سے ہوتی ہوئی ارشد ندیم تک پہنچی اور ارشد ندیم نے گراونڈ کا چکر لگاکر نیشنل گیمز کی معشل کو روشن کیا۔ مشعل روشن کیے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے باضابطہ طور پر گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ نیشنل گیمز 13 دسمبر تک کراچی کے مختلف وینیوز پرجاری رہیں گے۔



