پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں کتنا اضافہ ہوا؟

اسلام آباد(کھوج نیوز) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی میں کتنا اضافہ ہوا؟ اس حوالے سے تشویشناک رپورٹ نے حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ میں ملک میں ہرقسم کی ٹرانسپورٹ 12.14 فیصد تک مہنگی ہوگئی، گاڑیوں کی مکینیکل سروسز ماہانہ 1.29 فیصد اور سالانہ 8.92 فیصد مہنگی ہوگئیں۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے ایک ماہ میں پوسٹل سروسز 2.15 فیصد مہنگی ہونے کے بعد پوسٹل سہولیات کے دام میں سالانہ 14.98 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق مارچ میں گھریلو سامان کی قیمتوں میں 0.84 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے، ایک ماہ کے دوران پلاسٹک سامان 0.92 فیصد تک مہنگا ہوگیا جب کہ اسٹیشنری،گاڑیوں کے پرزہ جات،فرنیچر،کارپٹ اور ریسٹورنٹ بھی مہنگے ہوگئے۔ مارچ میں شادی ہالز مالکان نے بھی دام 0.61 فیصد تک بڑھا دیے، ایک ماہ کے دوران گھریلو ملازمین نے اپنے دام 0.53 فیصد تک بڑھا دیئے ، ایک ماہ کے دوران ملک میں ہر قسم کی صحت سہولیات بھی مہنگی ہوگئی، ادویات کی قیمت میں ماہانہ 0.17 اور سالانہ 6.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملک میں ایک ماہ میں تعلیمی اخراجات مزید 1.29 فیصد تک بڑھ گئے، تعلیمی اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر 8.85 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ایک ماہ کے دوران قیام و طعام کی سہولیات 2.92 فیصد تک مہنگی ہوگئیں، واشنگ سوپ اور ڈیٹرجنٹ کی قیمتوں میں مزید 0.57 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ میں ڈاکٹرز نے کلینک فیسیں 0.93 فیصد تک بڑھا دیں، مارچ میں ڈینٹل سروسز 0.81 فیصد، میڈیکل ٹیسٹ مزید 0.17 فیصد مہنگے ہوگئے، ایک ماہ میں اسپتال 0.18 اور ایک سال میں 5.07 فیصد تک مہنگے ہوگئے۔



