پاکستان نے جولائی تا دسمبر تک کتنے ارب سود کی مد میں ادا کیے؟

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان نے رواں مالی سال جولائی سے لیکر دسمبر تک کتنے ارب روپے سود کی مد میں ادا کیے ؟ اس حوالے سے سرکاری دستاویزات میں اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جون 2025ء تک ملک پر واجب الادا سود ادائیگیاں 8900 ارب روپے تھیں جبکہ دسمبر تک قرضوں پر واجب الادا سود ادائیگیاں 3600 ارب روپے رہ گئیںجبکہ رواں مالی سال جولائی سے دسمبر تک حکومت پاکستان نے 5300 ارب روپے سے زائد رقم سود کی مد میں ادا کی
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے 8207 ارب مختص کیے گئے تھے، پاکستان پر ملکی اور غیرملکی قرضوں کا حجم 81 ہزار 400 ارب روپے ہو چکا ہے۔ کل قرض میں 26 ہزار ارب روپے بیرونی اور 55 ہزار ارب روپے مقامی قرض ہے، رواں سال کی بقیہ 2900 ارب روپے کی سود ادائیگیاں پاکستان کو جون تک کرنی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال قرضوں پر سود ادائیگی کیلئے مختص رقم بجٹ کا 46 اعشاریہ 7 فیصد ہے، پاکستان کا مجموعی قرض جی ڈی پی کے 70.7 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔



