پیپلز پارٹی کے بانی و چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 47برسی

کراچی (کھوج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کو 47 سال پہلے قتل کے ایک مقدمے میں آج ہی کے دن راولپنڈی میں پھانسی دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ مارچ 2024ء میں فیصلہ دے چکی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا اس مقدمے میں ٹرائل منصفانہ نہیں تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو ملکی اور عالمی سطح پر ایک مقبول لیڈرتھے۔
وہ 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، کیلی فورنیا اور پھر آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ 1963 میں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے، آگے چل کر ایوب خان سے اختلاف ہوئے تو ترقی پسند دوستوں کے ساتھ مل کر 30 نومبر 1967 میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی جو اپنے نظریات کی بدولت ملک کی مقبول ترین جماعت بن گئی۔ ذوالفقار علی بھٹو سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر 1971ء سے 1973ء تک پاکستان کے صدر اور 1973 سے 1977 تک منتخب وزیراعظم رہے۔



