دماغ کو ہمیشہ جوان رکھنے کیلئے کیا کرنا چاہیے؟ نئی طبی تحقیق سامنے آگئی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) دماغ کو ہمیشہ جوان رکھنے کے لئے کیا کرنا چاہیے؟ اس حوالے سے نئی طبی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں مختلف آسان ترین عادات بتائی گئی ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جرنل نیورولوجی میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ دماغ کو متحرک کرنے والی سرگرمیوں جیسے مطالعہ، لکھنا یا نئی زبان سیکھنے سے الزائمر امراض سے متاثر ہونے اور دماغی تنزلی کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق جو لوگ دماغی سرگرمیوں کو معمول بناتے ہیں، ان میں الزائمر امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ 38 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح دماغی تنزلی کی رفتار بھی دیگر افراد کے مقابلے میں کافی سست ہو جاتی ہے۔ اس تحقیق میں 1939 افراد کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 80 سال تھی اور آغاز میں تمام افراد ڈیمینشیا سے محفوظ تھے۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا۔ تحقیق کے اختتام تک 551 افراد میں الزائمر امراض کی تشخیص ہوئی جبکہ 719 معمولی دماغی تنزلی سے متاثر ہوئے۔



