صحت

ہر رات اچھی نیند کو معمول بنانے سے کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں؟

ڈنمارک (مانیٹرنگ ڈیسک) ہر رات اچھی نیند کو معمول بنانے سے کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں؟ اس حوالے ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی میں ہونے والی طبی تحقیق میں بڑا انکشاف کر دیا گیا۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جوان افراد اگر رات کو 7 سے 8 گھنٹوں کی نیند کو معمول بنائیں تو اگلے دن ان کے بلڈ شوگر کی سطح زیادہ وقت تک مستحکم رہتی ہے۔ تحقیق کے مطابق ممکنہ طور پر نیند ذیابیطس جیسے امراض سے متاثر ہونے سے برسوں قبل میٹابولزم کی صحت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس تحقیق میں 18 سال کی عمر کے 206 نوجوانوں کو شامل کیا گیا اور ان کے روزمرہ کے معمولات جیسے نیند کا جائزہ 2 ہفتوں تک لیا گیا۔ ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں اور نیند کا ڈیٹا ایکٹیویٹی ٹریکرز کے ذریعے اکٹھا کیا گیا جبکہ گلوکوز سنسرز کے ذریعے بلڈ شوگر کی سطح پر مسلسل نظر رکھی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ طویل نیند سے بلڈ شوگر کی سطح میں کمی بیشی بہت کم ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ اگر بلڈ شوگر کی سطح میں بہت تیزی سے کمی یا اضافہ ہو تو اس سے جسم میں ورم بڑھتا ہے جبکہ میٹابولزم تنا کا شکار ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وقت گزرنے کے ساتھ موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ نیند اور میٹابولک امراض کے درمیان تعلق پہلے بھی سامنے آچکا ہے مگر زیادہ تر تحقیقی کام درمیانی عمر کے افراد پر ہوا ہے۔ محققین نے بتایا کہ زیادہ تر نوجوانوں کو لگتا ہے کہ ذیابیطس درمیانی عمر کے افراد کا مرض ہے، مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ نوجوانی میں بھی بلڈ شوگر کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ رات کی نیند کا دورانیہ جتنا طویل ہوگا، اگلے دن بلڈ شوگر کی سطح بھی زیادہ وقت تک مستحکم رہے گی۔ تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ طویل نیند سے صبح کے وقت بلڈ شوگر کی سطح معمولی سی زیادہ ہوتی ہے۔

محققین کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے بھی درحقیقت فائدہ ہی ہوتا ہے، کیونکہ دن کے آغاز میں بلڈ شوگر کی سطح میں معمولی اضافہ میٹھا کھانے کی خواہش کی روک تھام کرتا ہے اور مجموعی طور پر بلڈ شوگر کی سطح مستحکم رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جسم دن بھر کی سرگرمیوں کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق میں یہ تعین نہیں ہوسکا کہ نیند اور بلڈ شوگر کے درمیان کونسا مکینزم کردار ادا کرتا ہے مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ نیند واقعی صحت کے لیے اہم ہے اور صرف دماغ نہیں بلکہ جسمانی صحت کے لیے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button