بلال اظہر کیانی پیپلز پارٹی پر برس پڑے، بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(کھوج نیوز ) وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں اپوزیشن والی تقریریں کر کے اپنی ہی حکومت کے فیصلوں کی نفی کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلال اظہر کیانی نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 42 ویلی 3 سے امیدوار سید شوکت شاہ اور حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے امیدوار راجہ صدیق سے ملاقات کی۔ مختلف برادریوں اور عمائدین علاقہ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا اور اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کارنر میٹنگز سے بھی خطاب کیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے کشمیریوں اور کشمیریوں نے پاکستان کے لیے جانیں قربان کیں، اہل پاکستان اور کشمیر نے بھارت کے خلاف جنگیں لڑی ہیں، کشمیر کے لیے جہلم کے بیٹے بھارت سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، اسی لیے کہتا ہوں کہ جہلم میر پور اور میر پور جہلم ہے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہر مسئلہ مکالمے اور پارلیمنٹ کے فورم پر حل ہوسکتا ہے، جمہوریت دلیل سے قائل کر لینے کا عمل ہے، کشمیری مہاجرین کی نمائندگی کے بغیر آزاد کشمیر اور پاکستان دونوں نامکمل ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن والی تقریریں کر رہی ہے اور اپنی حکومت کے فیصلوں کی نفی کر رہی ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر میں ترقی کا ہر دور نواز شریف کا دور رہا ہے، نواز شریف ووٹ کی طاقت سے اہل کشمیر کے تمام مسئلے حل کرے گا۔



