کیا اے آئی ٹیکنالوجی سے لوگوں کی ملازمتیں متاثر ہوںگی؟ مارک زکر برگ کی پیشگوئی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آر ٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لوگوں کی ملازمتیں متاثر ہوں گی؟ ا س حوالے سے میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکر برگ نے بڑی پیشگوئی کردی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے سب سے زیادہ کی جانے والی پیشگوئی کو مسترد کیا ہے۔ ماہرین کی جانب سے اکثر پیشگوئی کی جاتی ہے کہ اے آئی کے باعث کروڑوں افراد ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ اے آئی کے مستقبل کا انحصار ٹیکنالوجی کی بجائے اس پر زیادہ ہوگا کہ کون اسے کنٹرول کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوانسڈ اے آئی کا کنٹرول حکومتوں یا طاقتور اداروں کی بجائے بڑے پیمانے پر لوگوں کے پاس ہونا چاہیے۔ان کا ماننا ہے کہ اے آئی تک عوامی رسائی سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مزید افراد کاروبار کرسکیں گے اور مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ مانتے ہیں کہ اے آئی لوگوں کو زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرنے والا ٹول ثابت ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسی متعدد مثالیں موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ زندگی بدل دینے والی ٹیکنالوجیز سے عام افراد کو آگے بڑھنے میں مدد ملی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بات ناقابل فہم ہے کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور پھر بھی اس پر متحرک انداز سے کام کر رہے ہیں۔



