پہلے ٹیسٹ میں شکست، ٹیم میٹنگ میں کیا طے پایا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کھانے کے بعد قومی ٹیم کی میٹنگ میں کیا معاملات طے پائے؟ اس حوالے سے اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ کپتان بابراعظم اور ہیڈکوچ سرفراز احمد نے کھلاڑیوں سے مختصر خطاب کیا۔ دوران میٹنگ بابراعظم نے کہا کہ ہماری بیٹنگ مسلسل لڑکھڑا رہی ہے، حریف ٹیموں کے ٹیل اینڈرز رنز بنا جاتے ہیں اور ہم بار بار ایک ہی طرح کی غلطیاں دہرا رہے ہیں، ہمیں مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ دوسری جانب ہیڈکوچ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایسے نہیں چلے گا، ہم یہاں ہارنے کے لیے نہیں آئے، ہمیں جیت چاہیے، ہر کھلاڑی کو اپنی ذمے داری کا احساس کرنا ہوگا، اگر ذمہ داری نہیں لیں گے تو ہمارے لیے مشکلات بڑھتی جائیں گی۔ دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سابق ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہونے کے قوی امکانات ہیں، شان مسعود کی دورہ انگلینڈ سے قبل انجری ری ہیب مکمل کروائی جائے گی تاہم ٹیم مینجمنٹ ان مکمل طور پر فٹ ہونے کے لئے پرامید ہے۔



