پیک شدہ خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے نمونے، 176نمونے غیر معیاری قرار

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزارت منصوبہ بندی نے پیک شدہ خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے 491 نمونوں میں سے 315 قومی معیار کے مطابق قرار دیئے جبکہ 176نمونوں کو غیر معیاری قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیک شدہ خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار پر لیبارٹری رپورٹ پیش کردی گئی۔ وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق 491 نمونوں میں سے 315 قومی معیار کے مطابق قرار دیئے گئے ہیں جبکہ176 نمونے قومی معیار پر پورا نہ اتر سکے اور تقریبا 36 فیصد نمونے غیر معیاری پائے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بناسپتی گھی کے 204 میں سے 98، بلینڈڈ کوکنگ آئل کے 146 میں سے 40 اور پیک شدہ مائع دودھ کے 104 میں سے 26 نمونے غیر معیاری قراردیے گئے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق دودھ کے پاڈر کے 18 میں سے 8، ریفائنڈ پام آئل کے 4 میں سے 3 اور ریفائنڈ کینولا آئل کے 13 میں سے ایک نمونہ غیر معیاری قراردیے گئے۔



