جوان افراد میں کینسر تیزی سے کیسے پھیلتا ہے؟ اہم وجہ دریافت

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) جوان افراد میں کینسر کی عام قسم تیزی سے کیسے پھیل رہی ہے؟ اس حوالے سے امریکا کے ایک انسٹیٹیوٹ میں ہونے والی تحقیق میں اہم وجہ دریافت ہو گئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق کینسر کی یہ قسم جوان افراد (50 سال سے کم عمر) میں تیزی سے پھیل رہی ہے حالانکہ اسے ماضی میں بوڑھے افراد کا مرض خیال کیا جاتا تھا۔ اب اس کینسر کے پھیلا ؤکی ایک اہم وجہ کو دریافت کیا گیا ہے اور وہ ہے میٹھے مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس کا استعمال۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکا کی ماس جنرل بریگھم کینسر انسٹیٹیوٹ کی اس تحقیق میں ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد کے طبی اور غذائی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ ان افراد کی غذاؤں اور مشروبات کے استعمال کی تفصیلات حاصل کی گئیں جبکہ جسمانی وزن، جسمانی سرگرمیوں، تمباکو نوشی، الکحل کے استعمال، ادویات اور دیگر طبی مسائل کے ڈیٹا کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ دہائیوں تک لیا گیا تھا جس سے محققین کو میٹھے مشروبات کے استعمال اور کینسر کی تشخیص کے درمیان تعلق کو جاننے میں مدد ملی۔
تحقیق میں شامل 278 افراد میں معدے کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ محض ایک میٹھے مشروب یا سافٹ ڈرنک کا استعمال معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ دوگنا سے زائد بڑھا دیتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں میٹھے مشروبات کے استعمال اور معدے کے کینسر کے درمیان تعلق کو ثابت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدے کے کینسر سے دنیا بھر میں بہت زیادہ اموات ہوتی ہیں مگر اس بارے میں بہت کم تفصیلات موجود ہیں کہ ہماری غذا اس حوالے سے کیا کردار ادا کرتی ہے۔



