14 سال سے کم عمر طالبات کے سکارف پہننے پر پابندی کا قانون نافذ

آسڑیا (مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریا میں تعطیلات کے بعد اسکول کھلنے کے ساتھ ہی 14 سال سے کم عمر طالبات کے اسکارف پہننے پر پابندی کا قانون نافذ ہوگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق آسٹریا کی تین جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد نے اسکولوں میں اس پابندی کی تجویز پیش کی تھی، حکمران اتحاد کا مؤقف تھا کہ یہ اقدام لڑکیوں کی آزادی کے تحفظ کے لیے کیا جا رہا ہے۔ یہ قانون دسمبر میں انتہائی دائیں بازو کی ‘فریڈم پارٹی’ کی حمایت سے پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا تھا جبکہ پارلیمنٹ کی سب سے چھوٹی جماعت بائیں بازو کی ‘گرینز’ پارٹی نے اس قانون کی مخالفت کی تھی۔
نئے قانون کے تحت پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی طالبہ کے ساتھ اسکول انتظامیہ کا بات چیت کرنا لازمی ہے جس کے بعد 150 سے 800 یورو (175سے 930 ڈالر) تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ آسٹریا کے مسلمانوں کی باقاعدہ نمائندگی کرنے والی تنظیم ‘اسلامک ریلیجیئس کمیونٹی اِن آسٹریا’ نے اس اقدام کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور اس قانون کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔



