انٹرنیشنل

ہیکرز نے امریکی فضائیہ کو بڑا دھچکا دے دیا مگر کونسا؟

گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے کام کے دوران کلاڈ ون میں اس دراندازی کا پتا چلا اور اس انکشاف کے بعد پورے پلیٹ فارم میں خلل پیدا ہو گیا ہے

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) ہیکرز نے امریکی فضائیہ کو بڑا دھچکا دے دیا ہے مگر کونسا ؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات سامنے آنے کے بعد پوری دنیا میں امریکی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ ایک ایسی پیشرفت ہے جس سے انتہائی حساس ٹیکٹیکل ڈیٹا سمیت عملے اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا کا ایک وسیع ذخیرہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ میڈیا کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے کام کے دوران کلاڈ ون میں اس دراندازی کا پتا چلا اور اس انکشاف کے بعد پورے پلیٹ فارم میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔ رائٹرز ہیکرز کی شناخت، اس دراندازی کے مکمل دائرہ کار یا اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ آیا کوئی ڈیٹا چوری ہوا ہے یا نہیں۔

سال 2017میں شروع کیے گئے کلاڈ ون کا مقصد امریکی فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا، جس میں 4 آپریٹرز، مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کے وسائل کو یکجا کر کے درجنوں ایپلی کیشنز چلائی جاتی ہیں، جن میں عملے کے ڈیٹا اور تنخواہوں یا لاجسٹکس اور دیکھ بھال کا انتظام کرنے والی ایپلی کیشنز بھی شامل ہیں۔ ان میں فضائیہ کا کلاڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرولسسٹم، جو شمالی امریکا بھر سے فضائی دفاعی ریڈار اور دیگر ڈیٹا فیڈز اکٹھا کرتا ہے اور تھیٹر انٹیگریٹڈ کمبیٹ میونیشنز سسٹم بھی شامل ہیں، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

سال 2025 تک ایس اے آئی سی کلاڈ ون کا مرکزی کنٹریکٹر تھا جس کے بعد لیڈوس نے اس کی ذمہ داری سنبھال لی۔ ذرائع کے مطابق کلاڈ ون امریکی فوج کے سب سے بڑے کلاڈ پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے اور یہاں رسائی حاصل کرنا ایک بہت بڑا معاملہ ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ تفتیش کاروں نے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے امریکی فوج کی سائبر فورس سائبر کمانڈ کو طلب کر لیا ہے۔ اس ہیکنگ کے انکشاف سے بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوا ہے اور ذرائع نے بتایا کہ بیک آفس ایپلی کیشنز کو کلاڈ ون پر منتقل کرنے کی کوششیں، جو طویل عرصے سے فوج کی ایک اہم ترجیح رہی ہے، روک دی گئی ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کلاڈ ون پر پہلے سے چلنے والی ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس کو بلاک کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے فضائیہ کا عملہ ایسے وقت میں سسٹم کی مرمت سے قاصر ہو گیا ہے جب ٹیکنالوجی کی صنعت میں سافٹ ویئر کی سنگین کمزوریوں کی ایک نئی لہر سامنے آئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button