لڑکی پر تشدد اور بال کاٹنے کے واقعے میں نیا انکشاف’ سب حیران

راولپنڈ ی(کھوج نیوز) راولپنڈی میں لڑکی پر تشدد اور بال کاٹنے کے واقعے میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، یہ واقعہ سالگرہ کی ایک تقریب کے دوران معمولی بحث کے بعد پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ سالگرہ کی ایک تقریب کے دوران معمولی بحث کے بعد اس وقت سنگین صورتحال اختیار کرگیا جب ایمان نے تقریب میں نظار خان عرف ارمان خان کے شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی دوسری لڑکی سے مبینہ تعلقات کا ذکر کیا کیوں کہ یہ بات وہاں موجود نظار خان کی اہلیہ نے بھی سنی جس پر تلخ کلامی ہوئی اور نظار خان سمیت دیگر افراد نے ایمان کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بال کاٹے اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی آر میں چار اہم ملزمان نظار خان عرف ارمان خان، انیس خان عرف دورانی، جلیل عرف مٹھو اور جبار خان نامزد ہیں جو تاحال گرفتار نہیں ہوسکے، ان کے ساتھ شامل لڑکیاں بھی ابھی تک روپوش ہیں اور ایک مرکزی ملزم کے خیبر پختونخواہ فرار ہونے کی اطلاعات ہیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس کی تحویل میں موجود تین افراد سے تفتیش جاری ہے، ملزمان کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے بھی متعلقہ ادارے سے رجوع کیا گیا ہے، واقعے کے وقت ثنا نامی لڑکی اور دیگر 4 لڑکیاں اور 4 لڑکے موقع پر موجود تھے جن کی تلاش کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں لیکن تاحال کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوئی سکی، انیس عرف درانی کے خیبر پختونخواہ پہنچنے کے شواہد ملے جس کے باعث پولیس ٹیم وہاں روانہ کردی گئی۔



