امریکی پروفیسر نے ٹرمپ کو پاگل قرار دے دیا

کولمبیا (مانیٹرنگ ڈیسک) کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر اور معروف ماہر معاشیات پروفیسر جیفر سکس نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاگل کیوں قرار دے دیا؟ اس حوالے تفصیل سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق پروفیسر جیفری سکس نے اس صورتحال کو غیر منظم، غیر شفاف اور افراتفری پر مبنی قرار دیا اور صدر ٹرمپ کی ذات، رویے اور ذہنی کیفیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ سب کچھ کسی گہری یا انتہائی ذہین حکمت عملی کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ اس میں ایک طرح کی افراتفری شامل ہے۔ ٹرمپ کی ذہنی کیفیت پر جیفری سکس نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے ٹرمپ کا توازن بگڑ چکا ہو، وہ ایسے بیانات اور پوسٹس کر رہا ہے جو معمول سے بہت زیادہ ہٹ کر ہیں، ایسے جملے جو امریکی تاریخ میں کسی صدر نے نہیں کہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے وہ واقعی اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ وہ دھوکے یا طاقت کے ذریعے کامیاب ہو سکتا ہے، یہ دراصل ایک فرد کا شو ہے، میرے خیال میں ایک وہمی اور نااہل ایک شخص، یہ سب کچھ ایک شخص ڈونلڈ ٹرمپ کے گرد گھوم رہا ہے، میں اس میں کوئی گہری حقیقت نہیں دیکھتا سوائے اس کے کہ ایک نااہل، وہمی بوڑھا آدمی شور مچا رہا ہے، دھمکیاں دے رہا ہے، بمباری کر رہا ہے اور قتل کر رہا ہے تاکہ اپنی مرضی منوا سکے۔ پروفیسر جیفری سکس کے مطابق درحقیقت امریکا کہنا بھی عجیب لگتا ہے کیونکہ یہ امریکا نہیں بلکہ ایک شخص ہے، وہ سمجھتا ہے کہ وہ دھمکی، دباو اور شور شرابے کے ذریعے اپنا مقصد حاصل کر سکتا ہے، یہ جزوی طور پر ایک فریب ہے، وہ شروع سے یہی سوچتا آیا ہے کہ وہ مطالبات کرے، دھمکیاں دے، بمباری کرے اور اس کے نتیجے میں اسے کامیابی مل جائے گی۔



