انٹرنیشنل

امریکا کے آگے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے: ایرانی صدر کی دھمکی

ایران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر نے دھمکی لگاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے آگے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے’ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکومت کو مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کی واضح اجازت دی تھی۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق تہران میں آیت اللہ خمینی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، طویل جنگ ایران کے مفاد میں نہیں، لیکن اگر ملک پر حملہ کیا گیا تو ایران کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا، ایران خودمختاری اور قومی وقار پرکسی قسم کا سمجھوتہ بھی قبول نہیں کریگا، ہمیں اس غیریقینی صورتحال سے نکلنا ہوگا جہاں نہ مکمل جنگ ہے اور نہ ہی پائیدار امن، حکومت قومی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے سفارتی تعطل کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو طیاروں، بمباری کے ذریعے سرینڈر کرنے پر مجبور نہیں کیاجاسکتا، وہ غزہ کو تین سال بعد بھی سرینڈرکرنے پر مجبور نہیں کرسکے، وہ ایران کو مجبور کرکے سرینڈر کرنے کی توقع کیسے کرسکتے ہیں، ایران یقینی طور پر ایسا ملک نہیں جو جھک جائے۔ ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکومت کو مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کی واضح اجازت دی تھی اور ہدایت دی تھی کہ جا اور اس مسئلے کو حل کرو۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ اگر وہ جارحیت کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو ہم ہرگز پسپائی اختیار نہیں کریں گے، وہ اس خواہش کو صرف ایک خواب ہی سمجھیں، ہمیں اپنے اندرونی اتحاد اور قومی یکجہتی کو محفوظ رکھنا ہوگا، دشمن اس امید میں ہے کہ وہ ہمارے درمیان تقسیم پیدا کرکے اپنے مقاصد حاصل کرلے گا۔ مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ خطے کے عرب ممالک کو ایران کے خلاف متحد کرنے کا دشمن کا منصوبہ بھی ناکام ثابت ہوا، ایرانی قیادت کی دانشمندانہ سفارت کاری کی وجہ سے یہ حکمت عملی ناکام ہوگئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button