دورہ مصر، چینی صدر کا مشرقی وسطی کے ممالک سے بڑا مطالبہ

مصر (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے دورہ مصر کے موقع پر مشرقی وسطی کے ممالک سے بڑا مطالبہ کر دیا ہے جس کے بعد مشرقی وسطی سمیت پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ گزشتہ چار سالوں میں شی جن پنگ کا مشرق وسطی کا پہلا دورہ ہے، یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں امریکی اتحادی اپنے اسٹریٹجک تعلقات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ مہینوں سے جاری تنازع نے خطے میں تجارت اور معیشت کو متاثر کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق قاہرہ پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے چینی صدر کا استقبال کیا جہاں شی جن پنگ نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنی تقدیر کا مالک خود ہونا چاہیے اور انہیں ایک نئے علاقائی سکیورٹی ڈھانچے کی تشکیل پر کام کرنا چاہیے۔ مصر جو خود امریکا کا ایک بڑا دفاعی شراکت دار ہے اور واشنگٹن سے سالانہ تقریبا 1.3 ارب ڈالر کی فوجی امداد وصول کرتا ہے، حالیہ برسوں میں چین کے ساتھ اپنے اقتصادی اور فوجی تعاون میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔



