پاکستان

یوم تکریم شہداء، صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کیا کہا؟ تفصیل آگئی

مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے اپنی بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اس پر قوم ان کی مقروض رہیگی،صدر عارف علوی کا پیغام

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، آن لائن)یوم تکریم شہداء، صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کیا کہا؟ تفصیل آگئی ‘صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 25 مئی 2023 ء کو یوم تکریمِ شہداء کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم مادر ِوطن کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے اپنے آباؤ اجداد اور سکیوٹری فورسز کے اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم تکریمِ شہداء منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، ایئر فورس، نیوی، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں سمیت ہماری مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے اپنی بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اس پر قوم ان کی مقروض رہے گی۔ ملک کی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہدائ پر فخر ہے کیونکہ ہماری تاریخ میں اْنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں جذبہ حب الوطنی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ملکی سرحدوں کے دفاع کے علاوہ ، ہماری سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کی لعنت کو بھی کامیابی سے شکست دی۔ پاکستان نے اپنی افواج کی بہادری اور قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے عفریت پر تنِ تنہا قابو پایا۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ قدرتی آفات اور وبا کے دوران بھی ہماری سیکورٹی فورسز اپنے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوئیں اور اپنے ہم وطنوں کو بروقت امداد فراہم کی۔

بطور صدر ِپاکستان، میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنے جذبات کا اظہار کرنے کیلئے شہداء کے خاندانوں سے باقاعدگی سے رابطہ کرتا ہوں۔ ان کے ساتھ بات چیت کے دوران، مجھے ملک کے لیے ان کے جذبہ حب الوطنی پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ پوری قوم دفاع وطن کیلئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے اور مادر وطن پر جان قربان کرنے پر انھیں سلام ِعقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے ، آج کے دن عہد کریں کہ ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے ، ہمیشہ ان کی عزت کریں گے اور قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔ پاکستان پائندہ باد!۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button