پاکستان
میر رضا قتل کیس، قبر کشائی مکمل، لاش کے نمونے حاصل کر لیے گئے

کراچی (کھوج نیوز) کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں نیا موڑ آگیا ہے اس نوجوان کی قبرکشائی مکمل ہو گئی ہے جس کے بعد لاش کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میر رضا کی قبر کشائی کے دوران میڈیکل بورڈ کے ارکان، میر رضا کے اہلخانہ اور وکیل جبران ناصر بھی سوسائٹی قبرستان میں موجود رہے۔ پولیس سرجن، سربراہ شناخت پروجیکٹ اورمجسٹریٹ بھی قبرستان میں موجود رہے، اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ میڈیکل بورڈ ممبر نے بتایا کہ میر رضا کے پوسٹ مارٹم کی تمام تر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، میر رضا کی لاش سے مختلف نمونے حاصل کیے گئے ہیں، ملنے والے نمونوں کو کیمیائی تجزیہ کے لیے بھیجا جائیگا، اب قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔



