ہاردک پانڈیا کیساتھ تعلقات کی افواہیں، اداکارہ امیشا پٹیل پھٹ پڑیں

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کے ساتھ اپنے تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر ایک صارف کو سخت جواب دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امیشا اور پانڈیا کو حال ہی میں ممبئی کے تاج محل پیلس میں نجی تقریب کے دوران ایک ساتھ دیکھا گیا جہاں اداکارہ کرکٹر کو اپنے چند دوستوں سے متعارف کرواتی نظر آئیں۔ اس موقع کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئی جس میں دونوں شخصیات ایک ساتھ نظر آئیں۔ ایک صارف نے ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ری شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ‘امیشا کا ہاردک کے کندھے پر ہاتھ رکھنا ان دونوں کے درمیان مبینہ رومانوی تعلق کی جانب اشارہ ہے، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں درست ثابت ہو رہی ہیں’۔
امیشا پٹیل نے اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ ہاں، یہ واقعی بہت رومانوی انداز تھا کہ میں نے اپنا ہاتھ ہاردک پر رکھا ہوا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ ‘میں اس صارف کو جانتی تک نہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید اس صارف کی کوئی لڑکی دوست بھی نہیں ہے، اسی لیے یہ صاحب دوستوں کے درمیان ہونے والی ایک عام ملاقات کو بھی رومانوی رنگ دے رہے ہیں’۔



