ستھرا پنجاب میں اربوں کی کرپشن کا انکشاف، تحقیقات شروع

فیصل آباد(کھوج نیوز) ستھرا پنجاب میں اربوں کی کرپشن کا انکشاف، محکمہ اینٹی کرپشن متحرک ہوگیا اور نجی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ایف ڈبلیو ایم سی کے 12افسران کیخلاف تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن نے بتایا ہے کہ ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل اور فراڈکی تحقیقات شروع کردیں، قومی خزانے کو ایک ارب روپے کا نقصان پہنچایاگیا۔ دستاویزات کے مطابق 2317 کوڑے کنٹینرز ظاہر کیے گئے مگر فیلڈ میں صرف 1717 موجود نکلے، گھوسٹ سینٹری ورکرز کی جعلی حاضریوں سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
دستاویزات کے مطابق مہنگے منی ڈمپرز کی جگہ سستے لوڈر رکشے استعمال کیے گئے، صفائی آپریشن کے دوران کے پی آئی ڈیٹا میں مبینہ ہیر پھیرکی گئی، مشینری، اسٹاف اور آپریشنل سرگرمیوں کی تعداد بڑھاچڑھاکر ظاہر کی جاتی رہی۔ دستاویزات میں بتایاگیاکہ ڈیجیٹل پورٹل میں تبدیلی کرکے اضافی ادائیگیاں وصول کی گئیں، شہری اور دیہی علاقوں کے صفائی کنٹریکٹ میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں۔



