جونیئر ہاکی ایشیا کپ، پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی

چین(سپورٹس ڈیسک) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے پول بی کی مظبوط ٹیم پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کر کے برتری دلائی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔ میچ کے دو کوارٹر تک گول نہ کرنے والی پاکستان ٹیم نے تیسرے کورٹر میں کم بیک کیا اور اوپر نیچے چار گول داغ دیے۔
پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں شروع ہوا جب ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کر کے پاکستان کو 1-2کی برتری دلائی۔ پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں بیک ٹو بیک دو خوبصورت گول داغ کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔
کھیل کے 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کر کے اسکور 1-5 کر دیا۔میچ کے 54ویں منٹ میں ملائیشیا کے گناسیلن دھیرش نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا، لیکن پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 2-5 سے فتح اپنے نام کی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار فتح پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آنے والے میچز میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی جانب سے رانا ولید نے دو گول کئے جبکہ علی حمزہ مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان نے ابھی تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری فتح حاصل کی ہے۔



