فیفا ورلڈ کپ 2026، انسٹا گرام، فیس بک ، واٹس ایپ، تھریڈز اور میسنجر میں مختلف فیچرز متعارف

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے سلسلے میں میٹا کی جانب سے تمام سوشل میڈیا ایپس یعنی انسٹا گرام، فیس بک، واٹس ایپ، تھریڈز اور میسنجرز میں مختلف فیچر متعارف کروا دیئے گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اس مقصد کے لیے میٹا نے براڈ کاسٹرز، مختلف ممالک کی ٹیموں، کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز اور کریٹیرز کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے۔ اب میٹا کی ایپس میں لائیو اسکور، رئیل ٹائم چیٹ، فٹبال پر مبنی کمیونٹیز، تھیمز اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ٹولز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ ان کا مقصد صارفین کے لیے ورلڈ کپ سے متعلق مواد تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔
تھریڈز
میٹا کی جانب سے تھریڈز میں فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے لائیو چیٹس کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس فیچر کا مقصد فٹبال کے مداحوں کو رئیل ٹائم مباحثے کا حصہ بننے میں مدد فراہم کرنا ہے اور اس مباحثے کی میزبانی فٹبال سے جڑی شخصیات کریں گی۔ اس پلیٹ فارم میں ایک فٹبال کمیونٹی کو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جہاں صارفین میچ کے دن بات چیت کرسکیں گے یا دیگر تفصیلات شیئر کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ بھی تھریڈز میں فٹبال تھیم سے متعلق متعدد فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں جبکہ صارفین لائیو اسکورز کو بھی ٹریک کرسکیں گے، اپنی پسندیدہ ٹیموں کو پروفائل فلیئرز کے ذریعے سپورٹ کرسکیں گے جبکہ فٹبال تھیم پر مبنی اسٹیکرز یا ایموجی ری ایکشنز استعمال کرسکیں گے۔
انسٹا گرام اور فیس بک
انسٹا گرام میں ایک ورلڈ کپ ہب متعارف کرایا جا رہا ہے جہاں ریلز، اسٹوریز، صارفین کا مواد، پراڈ کاسٹر کوریج اور مختلف ٹیموں سے متعلق اپ ڈیٹس کو دیکھا جاسکے گا۔ فوٹو شیئرنگ ایپ میں اے آئی پر مبنی گول نامی وائس ایفیکٹ ڈائریکٹ میسجز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ فٹبال تھیم پر مبنی انیمیشنز بھی دستیاب ہوں گے۔ فیس بک صارفین کے لیے ایک اسپیشل فٹبال موڈ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے ایپ میں فیس بک لوگو پر 2 بار کلک کرنا ہوگا جس کے بعد تھیمز ری ایکشنز، سپرپرائزز اور ایک فٹبال گیم ان لاک ہوگی۔ اس کے علاوہ میٹا اے آئی پر مبنی وئیر اٹ فیچر بھی صارفین کو دستیاب ہوگا جس سے صارفین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی جرسی کو ورچوئیلی ٹرائی کرسکیں گے اور تصاویر کو پلیٹ فارم پر شیئر کرسکیں گے۔
میسنجر اور واٹس ایپ
فیس بک میسنجر میں لائیو اپ ڈیٹس کو متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے اہم میچ ایونٹس جیسے گولز اور ریڈ کارڈز کو براہ راست گروپ چیٹس میں بھیجا جائے گا جبکہ فٹبال تھیم پر مبنی بیک گرانڈز اور انیمیٹڈ اسٹیکر پیکس بھی دستیاب ہوں گے۔ واٹس ایپ میں میں عارضی طور پر فٹبال ایموجی کو ایونٹ کی آفیشل میچ بال سے تبدیل کر دیا گیا ہے جسے ٹورنامنٹ کے دوران صارفین استعمال کرسکیں گے۔ میسجنگ ایپ میں فٹبال تھیم پر مبنی ویڈیو کال ایفیکٹس، اسٹیکر پیکس اور ایک فٹبال ڈکشنری کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ اس ڈکشنری میں اسکور، ٹیم سے متعلق تفصیلات، اپ ڈیٹس اور آفیشل چینل مواد موجود ہوگا۔



