آئی فون18 پرو ماڈلز کا ڈیزائن لیک، سب حیران رہ گئے

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل کی جانب سے آئی فون 18سیریز کے نئے ماڈلز 9ستمبر یعنی کل متعارف کروائے جانے تھے لیکن ایک دن قبل ہی آئی فون 18پرو ماڈلز کا ڈیزائن لیک ہوگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایپل کی جانب سے اس سال کے ایونٹ میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 ائیر 2 کو متعارف نہیں کرایا جائے گا بلکہ آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو پیش کیا جائے گا۔ مگر ایونٹ سے ایک دن پہلے پرو ماڈلز کے ڈیزائن کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔ اس فوٹیج سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ آئی فون 18 پرو ماڈلز 4 رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔ ڈارک چیری، بلیک، اسکائی بلیو اور سلور رنگوں میں یہ دونوں ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔
دیکھنے میں آئی فون 18 پرو ماڈلز گزشتہ سال کے 17 پرو ماڈلز سے ہی ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔ دونوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی گئی، البتہ کیمرا سسٹم کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ یعنی اس سال کی سب سے بڑی تبدیلی آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کے کیمرا سسٹم میں کی جا رہی ہے۔ دونوں ماڈلز کے بیک پر نیا مین کیمرا ویری ایبل آپرچر ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جس سے صارفین کو فوٹوگرافی پر زیادہ کنٹرول مل سکے گا۔
دونوں فونز میں ایپل کے نئے اے 20 پرو پراسیسر اور موڈیم کو استعمال کیا جائے گا۔ اسی طرح پہلے سے زیادہ بڑی بیٹریز سے بیٹری لائف گزشتہ سال کے ماڈل سے زیادہ بہتر بنائی جائے گی۔ یہ ایپل کی تاریخ کا پہلا سال ہے جب سب سے کم قمت نئے آئی فون کی قیمت ہی لوگوں کو دنگ کر دے گی۔ اس سال 9 ستمبر کے ایونٹ میں جو نیا آئی فون سب سے کم قیمت ہوگا وہ آئی فون 18 پرو ہوگا۔ آئی فون 18 پرو کی کم از کم قیمت 1099ڈالرز (3لاکھ 4ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی، وہ بھی اگر کمپنی کی جانب سے ریم کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔



