اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھ، مذاکرات کا معاملہ، محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے سر سہرا باندھ دیا گیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی نے حکومت سے مذاکرات کرنے کے حوالے سے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے سر پر سہرا باندھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے قائدین حزب اختلاف کو مذاکرات کا مکمل اختیار دینے کی قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی جو فیصلہ کریں گے وہ پارلیمانی پارٹی کو قبول ہوگا۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحریک چلائیں گے ، پرامن رہیں گے ، کسی کو گالی نہیں دیں گے، فیصلہ کیا ہے کہ آئین کا دفاع کرنا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے کہا پارلیمانی پارٹی نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ مائنس بانی پی ٹی آئی منظور نہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا مذاکرات کا فیصلہ کرنے کو کم زوری نہ سمجھا جائے ، اگراس ملک کو چلانا ہے تو ضروری ہے کہ بات چیت ہو ، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں آجائیں۔



