چیٹ جی پی ٹی نے دنیا بھر میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے دنیا بھر میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی ہے، یعنی محض 3 سال کے اندر اس اے آئی چیٹ بوٹ نے یہ سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔ یہ وہ سنگ میل ہے جو انسٹاگرام، ٹک ٹاک، واٹس ایپ، یوٹیوب اور فیس بک سمیت کوئی بھی مقبول ایپ اتنے کم وقت میں حاصل نہیں کر سکی تھی۔ اس سے قبل یہ اعزاز ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے پاس تھا جس کے صارفین نے ایک ارب کا ہندسہ 5.1سال میں عبور کیا تھا جبکہ انسٹا گرام کو ایسا کرنے میں 7.7سال، یوٹیوب کو 8.1جبکہ فیس بک کو 8.7سال لگے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مئی 2026میں چیٹ جی پی ٹی صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچی۔ سنسر ٹاور کے ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کے بعداے آئی چیٹ بوٹ کلاڈی تیزی سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے، جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ابھی 5 کروڑ 60 لاکھ ہے مگر ایک سال کے دوران اس تعداد میں 640 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اس عرصے میں چیٹ جی پی ٹی صارفین کی تعداد میں 62 فیصد اضافہ ہوا مگر چیٹ جی پی ٹی کے نئے سنگ میل سے عندیہ ملتا ہے کہ اے آئی اسسٹنٹس اب روزمرہ میں استعمال کیے جانے والے ٹولز کا حصہ بنتے جا رہے ہیں جن کو لکھنے، منصوبہ بندی، کوڈنگ اور متعدد دیگر کاموں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔



