کینسر سے موت کا خطرہ بڑھانے والی عام عادت کونسی ہے؟ طبی تحقیق آگئی

سکاٹ لینڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) کینسر سے موت کا خطرہ بڑھانے والی عام عادت کونسی ہے؟ اس حوالے سے گلاسگو یونیورسٹی میں ہونیوالی طبی تحقیق نے چونکا دینے والا انکشاف کر ڈالا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق گلاسگو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سست طرز زندگی کینسر سے متاثر ہونے اور اس جان لیوا مرض سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔ اس تحقیق میں 90 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کو 7 دن تک ٹریکرز کے ذریعے مانیٹر کیا گیا اور پھر ان کی صحت کا جائزہ 12 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد اکثر کم از کم 30 منٹ تک بنا حرکت کیے بیٹھے رہتے ہیں، ان میں کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے افراد میں موٹاپے سے جڑے کینسر کی اقسام جیسے غذائی نالی، جگر، گردے، لبلبے، آنتوں، بریسٹ اور تھائی رائیڈ کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق بیٹھنے کے وقت میں ایک گھنٹے کی کمی سے کینسر سے موت کا خطرہ 12 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ مختصر وقت کی جسمانی سرگرمیوں سے میٹابولک ردعمل بہتر ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ بات بھی ثابت ہوچکی ہے کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے صحت متاثر ہوتی ہے۔ اس عادت سے خون میں موجود چکنائی صاف نہیں ہو پاتی، دل کو نقصان پہنچتا ہے، بلڈ پریشر بڑھتا ہے، ورم متحرک ہوتا ہے، ہارمونز میں تبدیلیاں آتی ہیں جبکہ مسلز کمزور ہوتے ہیں۔



