کرسٹیانورونالڈو کا وینزویلا میں زلزلے سے متاثرہ بچے کیلئے خصوصی ویڈیو پیغام

پرتگال (سپورٹس ڈیسک) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انسان دوستی کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے وینزویلا میں زلزلے سے متاثرہ بچے کے لیے خوصوصی پیغام جاری کردیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق وینزویلا میں آنے والے حالیہ زلزلے میں اندریس میلس اپنے والدین کو کھو بیٹھا تھا جب کہ وہ خود بھی شدید زخمی ہوا تھا اور اس کی ایک ٹانگ بھی کاٹنا پڑی۔ اسپتال میں زیر علاج اندریس میلس نے سوشل میڈیا پر رونالڈو سے ٹریڈنگ کارڈ دینے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ اپنا حوصلہ برقرار رکھ سکے۔ یہ خواہش جب کرسٹیانو رونالڈو تک پہنچی تو انہوں نے اندریس کے لیے ایک خصوصی ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا۔ انہوں نے لڑکے کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اسے اپنے میچ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ رونالڈو نے ذاتی پیغام کے ذریعے نہ صرف اس کی حوصلہ افزائی کی بلکہ دنیا بھر میں انسانیت اور ہمدردی کا خوبصورت پیغام بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہیلو اندریس! امید ہے تم خیریت سے ہو۔ میں یہ ویڈیو تمہیں ایک بھرپور محبت بھرا سلام بھیجنے کے لیے بنا رہا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ تم میرے بہت بڑے مداح ہو اور میری دعا ہے کہ تم جلد مکمل صحت یاب ہو جا۔ میں چاہتا ہوں کہ تم میرے کسی میچ میں آ تاکہ ہم مل کر اس سے لطف اندوز ہوں۔ میں تم سے ملنے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔ ہمت مت ہارنا میرے دوست۔’



