40نئی رجسٹرڈ ادویات مارکیٹ سے غائب، مریض خوار، بلیک میں خریدنے پر مجبور

اسلام آباد(کھوج نیوز) ملک بھر میں 40نئی رجسٹرڈ ادویات مارکیٹ سے غائب ہو گئی ہیں جس کے باعث مریض ناصرف خوار ہو رہے ہیں بلکہ ان ادویات کو بلیک میں خریدنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، پارکنسنز، دل کے امراض اور شدید انفیکشنز کی اہم ادویات بھی قیمتوں کی منظوری کی منتظر ہیں، ادویات کی عدم دستیابی سے متعدد مریض غیر رجسٹرڈ، ذاتی درآمد شدہ یا اسمگل شدہ ادویات پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ معاملہ موجودہ ادویات کی قیمتیں بڑھانے کا نہیں بلکہ نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کے تعین کا ہے، 35 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے جبکہ مزید 40 ادویات کی منظوری کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ جاری ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے مطابق 40 نئی ادویات کی قیمتوں سے متعلق سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوائی جا چکی ہیں، قیمتوں کی حتمی منظوری کے بعد ہی نئی رجسٹرڈ ادویات کی قانونی فروخت ممکن ہوگی۔



