پاکستان کی ٹیبل ٹینس فیملی کا سفر اب نسلوں کا سفر بننے لگا

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی ٹیبل ٹینس فیملی کا سفر اب نسلوں کا سفر بننے لگا ہے، یہ سب کچھ کیوں ہو رہاہے؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلال یاسین اور شبنم بلال کا بیٹا طہ بلال بھی ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا یوں کہیں کہ ایک گھر،3 کھلاڑی، ایک جذبہ، پاکستان کے لیے کھیلنا اور پاکستان کا پرچم بلند کرنا۔ بلال یاسین نے 1990 کے ایشین گیمز جبکہ ان کی اہلیہ شبنم بلال نے2002 اور 2014 کے ایشن گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی اب اس سفر کو ان کا بیٹا طہ بلال آگے بڑھا رہا ہے۔
بلال یاسین اور شبنم بلال نے ایشین گیمز سمیت کئی قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا، ان کا کہنا ہے کہ ان کا سر فخر سے بلند ہے ، ہمیں شدت سے انتظار ہے جب طہ بلال پاکستان کا بلیزر پہنے گا اور ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ قومی ٹرائلز سے منتخب ہونے والیطہ بلال ان دنوں ایشین گیمز کے لیے چین میں ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں ، اس حوالے سے طہ بلال کا کہنا ہے کہ انہیں بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے ماں باپ نے جو محنت کی وہ رنگ لا رہی ہے، میں انہیں مایوس نہیں کروں گا۔



