یوٹیوب میں ایک نئے ڈیسک ٹاپ ڈیزائن کی آزمائش جاری

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں مشہور ویڈیو ایپ یوٹیوب میں ایک نئے ڈیسک ٹاپ ڈیزائن کی آزمائش کی جاری ہے جس کو بہت جلد صارفین کی خدمت میں پیش کر دیا جائے گا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے یوٹیوب کی جانب سے نئے ڈیسک ٹاپ ڈیزائن کی آزمائش کی جا رہی ہے جس میں کمنٹس سیکشن اور ویڈیو کی تفصیلات کو دائیں جانب منتقل کیا جائے گا۔ اسی طرح ابھی جو ویڈیو سجیشنز دائیں جانب نظر آتی ہیں انہیں براہ راست ویڈیو پلیئر کے نیچے منتقل کر دیا جائے گا۔ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس ڈیزائن کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔ جن صارفین میں اس کی آزمائش کی جا رہی ہے، ان کی جانب سے کافی منفی فیڈ بیک دیا گیا ہے۔
اس نئے ڈیزائن میں دائیں جانب ایک بڑے پینل میں کمنٹس، ویڈیو ڈسکرپشنز اور انٹر ایکٹو ٹیبز نظر آتی ہیں۔ ویڈیو پلیئر کے بالکل نیچے بڑے سائز میں ریکومینڈڈ ویڈیوز کے تھمب نیلز نظر آتے ہیں جس کے نتیجے میں ویڈیو پلیئر کافی چھوٹا محسوس ہوتا ہے۔ یہ پہلی بار نہیں جب گوگل کی جانب سے اس طرح کے تجربات کیے گئے ہیں۔ یوٹیوب نے 2024 میں بھی ڈیسک ٹاپ پر یوٹیوب سائیڈ بار کے نئے ڈیزائن کی آزمائش کی تھی جس پر کافی تنقید کی گئی تھی جس کے بعد اسے واپس لے لیا گیا تھا۔ابھی بھی کمپنی نے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا کہ یہ نیا ڈیزائن مستقل ہوگا یا صرف آزمائشی ڈیزائن ہے۔



