سہ ملکی سیریز، سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو عبرتناک شکست

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی سہ ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستانی ٹیم کو عبرتناک شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 25.3 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہوگیا، اوپننگ بیٹر فخر زمان بلے کے باہری کنارے سے گیند لگنے کے باعث گیند ہوا میں اٹھی اور وہ 5 رنز کے ساتھ کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد معاذ صداقت 8 رنز بنا کر فرنینڈو کی اندر آتی گیند کو روک نہ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ٹیم کو تیسرا نقصان 46 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 5 رنز بنا چکے تھے، ان کے بعد سلمان علی آغا 9 رنز اور بابر اعظم 29 رنز بنا کر چلتے بنے۔انگلینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے شاداب خان اس مرتبہ ناکام ہوگئے اور صرف 2 رنز بنا سکے اور یوں پاکستان کے 64 رنز پر6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ عرفات منہاس 91 کے مجموعی اسکور پر صرف 10 بنا کر پویلین لوٹے جب کہ حسن نواز 17 رنز سکے، حارث رؤف نے ایک رن کا اضافہ کیا، شاہین آفریدی نے 15 رنز کیے جب کہ نسیم شاہ نے 2 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشن مدوشنکا نے34 رنزکے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا نے 111 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 2 وکٹ پر باآسانی حاصل کرلیا۔ سری لنکا کے کمندو مینڈس 62 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔



