نگرنگرسے

ترنول پھاٹک کو آبنائے ہرمز کیوں کہا؟ مقدمہ درج، شہری گرفتار

ترنول (نمائندہ کھوج نیوز) وفاقی دارالحکومت کے علاقہ ترنول میں واقع پھاٹک کو آبنائے ہرمز کہنے پر مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے شہری کو گرفتار کرتے ہوئے قانون کارروائی شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقہ ترنول کے پھاٹک سے متعلق سوشل میڈیا پر مزاحیہ پوسٹ شیئر کرنے والے شہری کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے شہری کو گرفتار کرلیا، تھانہ ترنول میں درج ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 21 اپریل 2026 کو ایس آئی شاہد اصغر کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی اطلاع ملی، جس میں ترنول پھاٹک کو بند کرنے سے متعلق اشتعال انگیز بیان دیا گیا، پوسٹ میں ترنول پھاٹک کو آبنائے ہرمز سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے بند کرنے کو مسائل کا حل قرار دیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت اس قسم کی سرگرمیاں قانونی طور پر جرم قرار دی گئی ہیں لیکن ملزم کی جانب سے مجاز اتھارٹی کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی اور شہری نے لوگوں کو ترنول پھاٹک بند کرنے پر اکسانے کی کوشش کی، جس کی بنا پر مقدمہ درج ہونے کے بعد مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

پولیس نے ایف آئی آر میں تحریر کیا ہے کہ پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور مختلف افراد سے تصدیق کے بعد معلوم ہوا یہ پوسٹ خرم نذیر نامی شخص نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، ملزم کو ترنول چوک سے گرفتار کر لیا گیا، اس کے موبائل فون کی جانچ پڑتال کے دوران بھی مذکورہ پوسٹ کی تصدیق ہوئی، ملزم کے خلاف دفعہ 188، 341 اور 511 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، جو سرکاری احکامات کی خلاف ورزی اور عوام کو اشتعال دلانے سے متعلق ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button