پاک فضائیہ کے کیپٹن کو شہید کرنیوالا کون؟ چشم دید گواہوں نے پہچان لیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم کو شہید کرنے والا کون تھا ؟ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ملزم کو چشم دید گواہوں نے پہچان لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی جس دوران پولیس نے گرفتار ملزم سعدعباسی کو عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت ملزم سعد عباسی کمرہ عدالت میں رونے لگ گیا، جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اب رونے کا کیا فائدہ ہے؟ تم نے ملک کا بہت بڑا نقصان کیا ہے، آپ کو اندازہ نہیں کہ آپ نے ملک کا کتنا بڑا اثاثہ تباہ کیا ہے، ایک معصوم گھرانہ تباہ کر دیا ہے، آپ کے رونے سے کیا وہ واپس آجائیگا؟
پراسیکیوٹر نوید کیانی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم سعد عباسی کی شناخت ہو چکی ہے، چشم دید گواہان کامران اور وسیم نے ملزم کی شناخت کر لی ہے، ملزم کی شناخت پریڈ کا عمل اڈیالا جیل میں مکمل کیاگیا۔ پولیس نے ملزم سعد عباسی کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کو7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالیکر دیا۔



