بھارت نے بھی پہلی ڈینگی ویکسین کی منظوری دیدی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈینگی وائرس کی بڑھتی ہوئی وبا ء پر مودی سرکار بھی حرکت میں آگئی ہے جس پر بھارت نے بھی پہلی ڈینگی ویکسین کی منظوری دے کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ جاپانی کمپنی ٹاکیڈا کی تیار کردہ Qdenga ویکسین کے استعمال کی منظوری 21 جولائی کو دی گئی۔ بھارتی ادارے سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے 4 سے 60 سال کی عمر کے افراد کے لیے اس ویکسین کی منظوری دی۔ ویکسین کی منظوری سے قبل اس کے معیار، افادیت اور محفوظ ہونے کی آزمائش کی گئی تھی اور پھر منظوری دی گئی۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ویکسین سے 4 سے 60 سال کی عمر کے افراد کو ڈینگی جیسے سنگین مرض سے بچنے میں مدد ملے گی۔ یہ ویکسین 3 ماہ کے دوران 2 انجیکشن کے ذریعے استعمال کرائی جاتی ہے۔ جاپانی کمپنی نے اس کی تیاری کے لیے ایک بھارتی کمپنی بائیولوجیکل ای کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ یہ ویکسین ڈینگی کی چاروں اقسام کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے اور اب تک 42 ممالک میں اس کے استعمال کی منظوری دی جاچکی ہے۔



